|
ماضی کی نشانیوں سےدنیا بھری پڑی ہےلیکن ایسی چیزیں غالباً بہت ہی کم ہیں جو انسان کی ہزاروں برس کی تاریخ کا زندہ و جاوید حصہ ہیں اور آج بھی ’تب و تاب جاودانہ‘ کی مصداق ہمارےساتھ، ہمارےپاس ہیں۔ اسی بنا پر انہیں ’زندہ رکاز‘ یعنی living fossils کہا جاتا ہے۔ ’زندہ رکازات‘ کےمعیار پر پورا اترنےوالا قدرتی حیاتیاتی نظام کاایک عنصر صنوبر juniper کا درخت بھی ہے۔
صنوبر کو دنیا بھر میں نباتات کی طویل العمر اور سست رو قسم مانا جاتا ہے۔ تاجکستان کےبعد، دنیا بھر میں صنوبر کا دوسرا بڑا اور گھنا جنگل پاکستان میں واقع ہے۔ یوں تو صنوبر ،بلوچستان کےاضلاع سبی، کوئٹہ، لورالائی، پشین اور قلات میں بھی پایا جاتا ہے، تاہم اس کا سب سےبڑا اور گھنا جنگل ضلع زیارت میں واقع ہےجو پاکستان میں دنیا کا ’دوسرا سب سےبڑا صنوبری جنگل‘ ہونےکی وجہ بھی ہے۔

|