بقائےماحول کی قومی حکمتِ عملی NCS ، 1992ء حکومتِ پاکستان کی منظور کردہ وہ پہلی دستاویز ہے، جس میں ماحولیاتی تعلیم کو ’رویوں میں تبدیلی لانے کا سب سے اہم ذریعہ‘ قرار دیا گیا اور رسمی اور غیر رسمی تعلیمی سلسلوں میں اسے وسیع تر انداز میں طالب علموں کی زندگی سے قریب تر کرکے پیش کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

قومی حکمتِ عملی کےنفاذ کے لیے وزارتِ ماحولیات، حکومتِ پاکستان میں این سی ایس یونٹ کی داغ بیل ڈالی گئی اور ماحولیاتی ابلاغ و تعلیم کے ماہر کا تقرر کر کے ان کے ذمے قومی سطح پر ماحول و ماحولیاتی تعلیم کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کی ذمےداری تفویض کی گئی ۔

آئی یو سی این، پاکستان کےتحت ملک بھر میں این سی ایس کی سفارشات کےاطلاق اور رائےعامہ بیدار کرنے کی غرض سے شعبئہ ابلاغ کے تحت تیرہ برس قبل ’جریدہ‘ کا اجرا ہوا،جو کہ اب تک ملک میں اردو زبان میں خالصتاً ماحول کے موضوع پر شائع ہونے والا واحد رسالہ ہے۔ این سی ایس کے تحت انگریزی زبان میں سہ ماہی The Way Ahead بھی شائع کیا گیا تھا۔

آئی یو سی این، شعبئہ ابلاغ کےتحت ملک کے متعدد چھوٹے بڑے شہروں میں صحافیوں کی تربیت کے لیے ورکشاپ منعقد کروائی گئیں اور انہیں متحد کرنے کے لیے پہلی بار 1997ء میں آئی یو سی این کی کوششوں سے’فورم آف انوائرنمنٹل جرنلسٹس، پاکستان‘ کے نام سے تنظیم قائم ہوئی۔ اس کےعلاوہ صوبہ سرحد میں ’فرنٹئیر فورم آف انوائرنمنٹل جرنلسٹس‘ اور بلوچستان میں ’بلوچستان فورم آف انوائرنمنٹل جرنلسٹس‘ کےقیام میں تعاون فراہم کرکے ذرائع ابلاغ کےنمائندوں پر مشتمل ایسا ہراول دستہ تیار کیا گیا جو ماحولیاتی مسائل کے خاتمے و رائے عامہ کی بیداری میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

مختار آزاد

 

 

 

 

             ماحولياتی تعليم اور اِبلاغ